کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمی وباء نے ہر چیز متاثر کی، ہمارا طرز زندگی بدل دیا، ہمیں تعلیم بھی اسی طرح کرنا پڑی کہ تعلیم دہرے (ہائبرڈ) نظام پر چلی گئی، آمنے سامنے کلاس اور آن لائن کلاس جبکہ آئندہ بھی دہرے نظام کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وہ اتوار کو سکھر یونیورسٹی برائے خواتین کے تحت ورچوئل اسسمنٹ کے موضوع پر بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کررہے تھے۔ سیمینار سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے سابق چیئرمین عبدالقادر شاہ، سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن معین الدین صدیقی، جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض عباسی، خواتین یونیورسٹی سکھر کی وی سی ڈاکٹر ثمرین حسین، سیکرٹری آئی بی سی سی غلام علی ملاح، ڈاکٹر نادیہ طاہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پہلے سامنے بٹھا کر تعلیم دی جاتی تھی اب آن لائن دی جارہی ہے مگر آن لائن امتحان اور اس کی جانچ ایک مسئلہ ہے اسے کس طرح کرنا ہے یہی اس سیمینار کا مقصد تھا۔ عبدالقادر شاہ نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی لمبے عرصے سے غیر فعال تھی مگر ڈاکٹر ثمرین حسین نے انتہائ محنت سے کام کرکے اسے فعال بنایا۔ کووڈ سے جہاں صحت متاثر ہوئی وہاں تعلیم بھی متاثر ہوئی چنانچہ اس تناظر میں ورچوئل تعلیم کی اہمیت اجاگر ہوئی تاہم اس کے ساتھ ورچوئل اسسمنٹ کے مسائل بھی پیدا ہوئے جنہیں دور کرنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ کووڈ نے ہمارے نظام تعلیم کی قلعی کھول دی، خامیوں کو اجاگر کردیا ہے۔ ہمیں اساتذہ کی قابلیت کو جانچنے کا طریقہ کار وضع کرنا پڑے گا۔
270 thoughts on “کورونا وبا، آئندہ بھی دہرے نظام کا سلسلہ جاری رہے گا، ڈاکٹر عاصم”
Comments are closed.